صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا عالمی برادری سے مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کا مطالبہ

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار اور منصفانہ امن کا قیام مسئلہ جموں و کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل سے مشروط ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات کو سات برس مکمل ہو چکے ہیں، تاہم یہ اقدامات مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازع قانونی حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے، جبکہ کشمیری عوام تمام تر مشکلات کے باوجود اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ثابت قدم ہیں۔

صدر مملکت نے کشمیری عوام کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں، سیاسی قیادت کو دبانے، شہری آزادیوں پر قدغن لگانے اور آزاد ذرائع ابلاغ پر پابندیوں میں مزید شدت پیدا کر دی ہے، جو انتہائی تشویشناک ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام تر مظالم کے باوجود کشمیری عوام کا حوصلہ، استقامت اور حقِ خودارادیت کے لیے عزم غیرمتزلزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کشمیر جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے بنیادی اور دیرینہ حل طلب مسئلہ ہے، جس کے منصفانہ اور پرامن حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

شہباز شریف نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ صرف تشویش کے اظہار تک محدود نہ رہے بلکہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے، بھارت کو اگست 2019 کے غیرقانونی اقدامات واپس لینے پر مجبور کرے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرائے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ہر علاقائی و بین الاقوامی فورم پر ان کی آواز پوری قوت کے ساتھ بلند کرتا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے