اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) پنجاب کے شہر اوکاڑہ میں بارش کے باعث ایک خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 26 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی، جبکہ ان کا 6 ماہ کا بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اڈہ کلاسن حمید کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مسلسل بارش کے باعث مکان کی چھت اچانک منہدم ہو گئی۔ حادثے کے وقت 26 سالہ نادیہ زوجہ اظہر ملبے تلے دب گئیں اور سر پر شدید چوٹیں آنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے دوران خاتون کا 6 ماہ کا بچہ بھی موقع پر موجود تھا، تاہم وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچے کو ملبے سے نکالا اور اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ اہلکاروں نے ملبہ ہٹا کر خاتون کی لاش نکالی اور ضروری کارروائی کے بعد اسے ورثا کے حوالے کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران خستہ حال اور کمزور عمارتیں کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتی ہیں، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خطرناک عمارتوں سے دور رہیں۔
QNN World — مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت