لاہور (کیو این این ورلڈ) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر وسیع پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را” کے 5 ایجنٹس سمیت 54 دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے اور تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں 419 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کیے گئے۔ یہ کارروائیاں لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، سرگودھا، جہلم، پاکپتن، گوجرانوالہ، ساہیوال اور اوکاڑہ سمیت مختلف اضلاع میں عمل میں لائی گئیں، جہاں دہشت گردی سے متعلق معلومات کی بنیاد پر چھاپے مارے گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ برآمد ہونے والے سامان میں 12 دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز)، 42 ڈیٹونیٹرز، 98 فٹ سیفٹی فیوز وائر، ممنوعہ اسٹیکرز، انتہا پسندانہ مواد پر مشتمل کتابیں اور نقد رقم شامل ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان میں وارث خان، نصر، منور حسین، کامل داد، زاہد، انعام اللہ، مطیع اللہ، جلال اور جمشید سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد مختلف تخریبی سرگرمیوں میں ملوث تھے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کے لیے کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران صوبے بھر میں 13 ہزار 572 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن کے دوران ایک ہزار 193 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ اس عرصے میں 4 لاکھ 94 ہزار 642 افراد کی جانچ پڑتال اور پوچھ گچھ بھی کی گئی تاکہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کا بروقت سدباب کیا جا سکے۔
سی ٹی ڈی پنجاب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ادارہ "محفوظ پنجاب” کے وژن کے تحت اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور دہشت گردی، انتہا پسندی اور تخریبی عناصر کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔