بہاولپور کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک محمد اقبال چنڑ کی رحلت، سیاسی و تعلیمی حلقوں میں سوگ

بہاولپور/اوچ شریف (کیو این این ورلڈ/ حبیب خان کی رپورٹ+ ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما، رکنِ قومی اسمبلی اور بہاولپور کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک محمد اقبال چنڑ انتقال کر گئے۔ ان کے اہل خانہ نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے علیل تھے اور برین ہیمرج کے باعث زیرِ علاج تھے۔

اہل خانہ کے مطابق ملک محمد اقبال چنڑ کو برین ہیمرج ہونے کے بعد آپریشن کیا گیا تھا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کے انتقال کی خبر سے بہاولپور سمیت پورے سرائیکی وسیب میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

مرحوم ملک محمد اقبال چنڑ، پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر اور سابق قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد ظہیر اقبال چنڑ کے والد تھے۔ وہ طویل عرصے تک سیاست، عوامی خدمت اور سماجی فلاح کے شعبوں میں سرگرم رہے اور بہاولپور کی تعمیر و ترقی کے لیے نمایاں کردار ادا کرتے رہے۔

ملک محمد اقبال چنڑ سرائیکی زبان، ادب اور ثقافت کے فروغ کے بھی سرگرم حامی تھے۔ سرائیکی وسیب کے تعلیمی حلقوں کے مطابق سال 2011ء میں سرائیکی وسیب کے کالجوں میں سرائیکی زبان کے 36 لیکچررز کی آسامیوں کی منظوری اور انٹرمیڈیٹ سطح پر سرائیکی مضمون کے نصاب کی تیاری میں ان کا اہم کردار رہا۔ وہ سرائیکی ثقافت اور زبان سے گہری وابستگی رکھتے تھے اور خطے کے ثقافتی پروگراموں میں بھرپور شرکت کرتے تھے۔

مرحوم نے سکولوں، کالجوں، تعلیمی بورڈ بہاولپور اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی ترقی اور استحکام کے لیے بھی ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔ ان کی سیاسی، سماجی اور تعلیمی خدمات کو مختلف حلقوں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر سرائیکی وسیب کی علمی و ادبی شخصیات، اساتذہ کرام اور طلبہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پروفیسر شاہد حسین مغل، پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف ڈاہر جلالوی، پروفیسر ڈاکٹر سیف اللہ جامعی، پروفیسر شمائلہ یعقوب، پروفیسر راشد رسول، پروفیسر ملک اعجاز الحق، لیکچرر محمد عمران ملک، لیکچرر سید محسن گیلانی، لیکچرر محمد جمیل اور لیکچرر محمد عدنان مستوئی سمیت متعدد اساتذہ نے مرحوم کی سیاسی، سماجی اور تعلیمی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

تعزیتی بیانات میں کہا گیا کہ ملک محمد اقبال چنڑ ایک عوام دوست، شفیق اور ہر دلعزیز شخصیت تھے جنہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت، تعلیم کے فروغ اور سرائیکی وسیب کی ترقی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کے انتقال سے نہ صرف بہاولپور بلکہ پورا سرائیکی خطہ ایک مخلص سیاسی و سماجی رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔ آمین۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے