چہلمِ امام حسینؑ کے موقع پر ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد ہوگا، انتظامیہ

کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/وقاراحمد اعوان) چہلمِ حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثاروں کی یاد میں منعقد ہونے والی تقریبات کے سلسلے میں ضابطۂ اخلاق پر مکمل عمل درآمد اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کی، جبکہ مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈی ایم پی، پی پی ایچ آئی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کشمور کندھ کوٹ ایک پُرامن ضلع ہے اور محرم الحرام باہمی تعاون، مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کے ساتھ پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام کا کردار قابلِ تحسین رہا۔ انہوں نے علما سے اپیل کی کہ وہ چہلم کے موقع پر بھی بھائی چارے، رواداری اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

اس موقع پر مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چہلم کے جلوسوں اور مجالس کے دوران سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔ جلوسوں کے راستوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ شہروں اور دیہی علاقوں میں گشت میں بھی اضافہ کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستوں کی صفائی، سڑکوں کی بہتری، بجلی اور لائٹنگ کے انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ اجلاس میں سیپکو حکام کو بھی ہدایت جاری کی گئی کہ چہلمِ امام حسینؑ کے دوران لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ چہلمِ حضرت امام حسینؑ کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور عوامی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے