لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/بیورورپورٹ) ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لنڈی کوتل کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کے لیے 72 کروڑ روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ منصوبے کے تحت ہسپتال کی مرکزی عمارت سمیت مختلف بلاکس کی مرمت، او پی ڈی، ایمرجنسی، وارڈز، اندرونی سڑکوں، ڈرینیج سسٹم اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور صاحبزادہ محمد عدنان قادری نے کہا کہ منصوبے پر عملی کام فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے اور اسے دو سال کے اندر مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد لنڈی کوتل اور ملحقہ علاقوں کے عوام کو جدید اور بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی، جس سے مریضوں کو علاج معالجے کے لیے پشاور سمیت دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت میں نمایاں کمی آئے گی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صحت کے شعبے کی ترقی اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں بجلی اور پانی سے متعلق درپیش مسائل بھی حل کر دیے گئے ہیں تاکہ مریضوں اور طبی عملے کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرنا ہے، جس سے نہ صرف عوام کی مشکلات کم ہوں گی بلکہ صحت کے نظام پر اعتماد بھی بڑھے گا۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے بھائی نوید خان آفریدی، سینیٹر ڈاکٹر پیر نورالحق قادری کے پرسنل سیکرٹری حاجی عظمت علی شینواری، ایم این اے اقبال آفریدی کے فوکل پرسن حاجی ضرب اللہ شینواری (حاجی بابا)، وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن گوہر آفریدی، شفیق آفریدی، صوبائی وزیر کے فوکل پرسن مزمل شینواری، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جمیل خان، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اشفاق آفریدی، محمد حکیم آفریدی، سجاد شینواری اور دیگر عمائدینِ علاقہ نے شرکت کی۔
شرکاء نے منصوبے کو علاقے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس کی بروقت تکمیل سے خیبر ضلع کے عوام کو جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔