مون سون بارشوں کے بعد اوکاڑہ میں ہنگامی اقدامات، نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کا عمل جاری

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)اوکاڑہ میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 173 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے بعد ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک بارشی پانی کے فوری انخلاء اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیلڈ میں متحرک ہو گئے۔ انہوں نے دو مرتبہ مختلف علاقوں کا دورہ کرکے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک میں پانی کی منتقلی کے عمل کا جائزہ لیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک میں 18 لاکھ گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی مکمل گنجائش بھرنے کے بعد پانی کو ڈسپوزل سٹیشنز منتقل کرنے کا عمل مسلسل جاری ہے۔ اس موقع پر واسا اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔

بارش کے بعد مرکزی تحصیل روڈ، ہسپتال روڈ، چرچ روڈ اور ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں سے پانی نکال کر انہیں کلیئر کر دیا گیا، تاہم دوسری مرتبہ ہونے والی بارش کے باعث کئی مقامات پر دوبارہ پانی جمع ہونے کے بعد نکاسیٔ آب کا عمل تیزی سے جاری رکھا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے مختلف نشیبی علاقوں اور حساس مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ بارشی پانی کی مکمل نکاسی تک تمام ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں اور اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مرکزی حصوں سے بارشی پانی بڑی حد تک انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک میں منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ نشیبی علاقوں کی مکمل صفائی اور پانی کے اخراج تک تمام ادارے متحرک رہیں گے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جلد تمام نشیبی علاقوں کو بارشی پانی سے مکمل طور پر کلیئر کر دیا جائے گا اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے