اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چیف آف جنرل اسٹاف (سی جی ایس) لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دینے اور انہیں کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل عامر رضا کو ترقی اور نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جنرل عامر رضا قومی سلامتی سے متعلق اس اہم ذمہ داری کو اپنی پیشہ ورانہ مہارت، وسیع تجربے اور قومی عزم کے ساتھ انجام دیں گے۔
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا منصب پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیتوں، دفاعی حکمتِ عملی اور قومی سلامتی کے حوالے سے انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی پاکستان کی عسکری قیادت میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، خدمات اور تجربے کا اعتراف بھی ہے۔
آرمرڈ کور سے تعلق رکھنے والے جنرل عامر رضا پاک فوج میں کمانڈ، اسٹاف اور ادارہ جاتی سطح کے متعدد اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں، جبکہ برطانیہ سے ماسٹرز کی ڈگری بھی حاصل کر چکے ہیں۔
جنرل عامر رضا نے اپریل 2020 میں ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (ایچ آئی ٹی) کی کمان سنبھالی، جبکہ اکتوبر 2022 میں انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ اپنے شاندار عسکری کیریئر کے دوران انہیں ہلالِ امتیاز (ملٹری) اور ستارۂ بسالت جیسے اعلیٰ عسکری اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
انہوں نے جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، جو پاک فوج کے اہم ترین عہدوں میں شمار ہوتا ہے اور جس کے لیے اعلیٰ سطح کی حکمتِ عملی، آپریشنل مہارت اور عسکری امور پر گہری گرفت درکار ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ ڈائریکٹر جنرل ویپنز اینڈ ایکوپمنٹ اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
دفاعی حلقوں کے مطابق جنرل عامر رضا کا آرمرڈ کور میں نمایاں کیریئر، مختلف کمانڈ، اسٹاف اور تربیتی عہدوں پر خدمات اور پیشہ ورانہ مہارت ان کی وسیع عسکری صلاحیتوں کا مظہر ہیں۔ ان کی تقرری اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ پاک افواج اعلیٰ ترین عہدوں پر تقرری کے لیے میرٹ، تجربے اور پیشہ ورانہ قابلیت کو بنیادی معیار بناتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنے وسیع تجربے، قائدانہ صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کے باعث جنرل عامر رضا نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی قیادت کے لیے موزوں ترین انتخاب ہیں اور وہ قومی دفاع اور اسٹریٹجک امور میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔