نجکاری نامنظور، واپڈا بچاؤ تحریک کے تحت میہڑ میں ریلی اور مظاہرہ

میہڑ (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار منظور علی جوئیہ): وفاقی حکومت کی جانب سے واپڈا کی نجکاری کے اعلان کے خلاف میہڑ میں واپڈا ملازمین، شہریوں اور مختلف سیاسی و سماجی حلقوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نجکاری کے فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے سعید احمد کلہوڑو، حسین بخش جتوئی اور دیگر رہنماؤں کی قیادت میں واپڈا آفس سے پریس کلب میہڑ تک احتجاجی ریلی نکالی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر "واپڈا بچاؤ، ملک بچاؤ” اور "نجکاری نامنظور” کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا کی نجکاری سے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا، جس سے عوام پر معاشی بوجھ بڑھے گا اور عام آدمی کے لیے زندگی مزید مشکل ہو جائے گی۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ نجکاری کے بعد لوڈشیڈنگ، اوور بلنگ اور صارفین کے مسائل میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ واپڈا کی نجکاری سے ہزاروں ملازمین کے روزگار کو بھی خطرات لاحق ہو جائیں گے، جس کے باعث بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی اداروں کی نجکاری کے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے واپڈا کی نجکاری کا منصوبہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔

مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاجی تحریک کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا اور آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے