اوکاڑہ میں صحت سہولیات کا جائزہ، سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات اور بہتر علاج یقینی بنانے کی ہدایت

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ / بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کی زیر صدارت محکمہ صحت کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے سرکاری ہسپتالوں، دیہی و بنیادی مراکز صحت میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار نے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری صحت سہولیات کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے اور محکمہ صحت کے تمام افسران و عملہ خدمتِ خلق کے جذبے کے تحت مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں، بنیادی مراکز صحت (BHU) اور دیہی مراکز صحت (RHC) میں تشخیصی اور علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری طبی خدمات میسر آ سکیں۔

ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور تشخیص و علاج کے مراحل میں انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے مریضوں کی سہولت کے لیے تمام طبی اور انتظامی عملہ اپنے ڈیوٹی اوقات کی پابندی کرے اور عوامی خدمت کے جذبے کو مقدم رکھے۔

محمد اکرام ملک نے ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو اعلیٰ ترین معیار پر برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ مریضوں کے لیے صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع اوکاڑہ میں صحت عامہ کے شعبے کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے