ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی و وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، اسلام آباد، جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ ملک کے جنوبی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش مری میں 53 ملی میٹر اور اٹک میں 40 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رات اور صبح کے اوقات میں موسلادھار یا شدید موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، پشاور، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار کے مقامی برساتی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح بڑھنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ صبح کے وقت بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ دیر، سوات، شانگلہ، چترال، کوہستان، بٹگرام، بونیر، نوشہرہ، پشاور، صوابی، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، مالاکنڈ، مہمند، خیبر، باجوڑ، کوہاٹ اور کرم میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ صبح کے اوقات میں چند مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، جبکہ شام یا رات کے وقت کرک، ہنگو، بنوں، ٹانک، وزیرستان، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کا امکان ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد اور قصور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شام اور رات کے اوقات میں سرگودھا، میانوالی، خوشاب، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، نورپور تھل، لیہ، بھکر، تونسہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، ساہیوال اور ڈیرہ غازی خان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ بوندا باندی کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شام یا رات کے اوقات میں ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، خضدار اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ متعلقہ اداروں کو نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے