معاہداتی تقاضے پورے نہ ہوئے، مس گرینڈ انٹرنیشنل 2026 بھارت سے تھائی لینڈ منتقل

بھارت نے میزبان ملک کے طور پر معاہداتی ذمہ داریاں اور مقررہ معیار پورے نہیں کیے، مس گرینڈ انٹرنیشنل 2026 کی باقی سرگرمیاں تھائی لینڈ منتقل کردی گئیں۔

مس گرینڈ انٹرنیشنل آرگنائزیشن نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو اور بیان میں کہا ہے کہ بھارت نے میزبان ملک کی حیثیت سے طے شدہ معاہداتی ذمہ داریاں اور مقررہ معیار پورے نہیں کیے، جس کے باعث مقابلے کی باقی سرگرمیاں بھارت میں جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔

منتظمین کے مطابق معاہدے کے تحت بھارت کو مقابلے کے دوران فائیو اسٹار معیار کی مہمان نوازی اور پروڈکشن سہولیات فراہم کرنا تھیں، تاہم یہ تقاضے پورے نہیں کیے جاسکے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ فائیو اسٹار معیار محض شاہانہ انتظامات تک محدود نہیں بلکہ امیدواروں، عملے اور شراکت داروں کی حفاظت، آرام اور مجموعی تجربے کے لیے بھی ضروری ہے۔

مس گرینڈ انٹرنیشنل آرگنائزیشن کے مطابق معاملہ حل کرنے کے لیے متعدد مرتبہ بات چیت اور کوششیں کی گئیں، تاہم مقررہ معیار پورے نہ ہونے کے باعث بھارت میں مقابلے کی سرگرمیاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں مقابلے کو بھارت میں جاری رکھنا امیدواروں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے بہترین مفاد میں نہیں تھا۔

اب مس گرینڈ انٹرنیشنل 2026 کی باقی سرگرمیاں تھائی لینڈ میں ہوں گی، جہاں مقابلہ 18 ستمبر سے 10 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گا۔ منتظمین کے مطابق تھائی لینڈ میں مقابلے کے مقامات، شیڈول اور دیگر تفصیلات بعد میں باضابطہ طور پر جاری کی جائیں گی۔

بھارت کی میزبانی ختم ہونے کے باوجود بھارتی امیدوار لکشیتا تھلاگاراج مقابلے سے باہر نہیں ہوئی ہیں اور وہ مس گرینڈ انٹرنیشنل 2026 میں بھارت کی نمائندگی کریں گی۔

خیال رہے کہ مس گرینڈ انٹرنیشنل کا گزشتہ سال کا مقابلہ بھی تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں منعقد ہوا تھا، جہاں فلپائن کی ایما ٹگلاو نے فاتح کا تاج اپنے نام کیا تھا۔ 2026 کا مقابلہ بھی تھائی لینڈ منتقل ہونے کے بعد ایک بار پھر اسی ملک میں منعقد ہوگا۔

مس گرینڈ انٹرنیشنل دنیا کے معروف بین الاقوامی بیوٹی مقابلوں میں شامل ہے، جس میں مختلف ممالک کی نمائندہ حسینائیں شرکت کرتی ہیں۔ رواں سال مقابلے کی میزبانی بھارت کو سونپی گئی تھی، تاہم مقررہ انتظامی اور معیار سے متعلق تقاضے پورے نہ ہونے کے باعث ایونٹ کی باقی سرگرمیاں تھائی لینڈ منتقل کردی گئی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے