وزیر دفاع کا کشمیر کاز اور پاک فوج پر پروپیگنڈے کے خلاف سخت ردعمل، تاریخی رشتے کو چیلنج کرنے والوں کو آئینہ دکھا دیا

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے حلقہ ایل اے 36 جموں 3 میں انتخابی مہم کے دوران پارٹی کارکنوں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا اور آج پاکستان اور جموں و کشمیر کے اس لازوال، تاریخی اور نظریاتی رشتے کو دانستہ طور پر چیلنج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آزاد کشمیر کے ماضی میں بھی بہت سے انتخابات دیکھے گئے ہیں، مگر اس بار جس مخصوص اور حساس علاقائی پس منظر میں یہ الیکشن ہو رہے ہیں، اس کی مثال پہلے نہیں ملتی، کیونکہ یہ محض اقتدار کی جنگ نہیں بلکہ کشمیر کاز کے ساتھ سچی محبت اور کشمیری عوام کی بقا و حفاظت کا اصل الیکشن ہے۔

خواجہ آصف نے مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم اور کشمیری مہاجرین کی لازوال قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان مہاجرین کی قدر و قیمت اور عزت ہمارے دلوں میں بہت زیادہ ہے، کیونکہ ہمیں ان معصوم جانوں کے نذرانوں کی بدولت ہی آزادی نصیب ہوئی ہے جنہوں نے اپنا خون بہایا۔ انہوں نے سخت سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی دھرتی پر بیٹھ کر قابض افواج کے سامنے ڈٹ کر ‘پاکستان زندہ باد’ کا نعرہ لگانے والے سینکڑوں کشمیری نوجوانوں کو بھارتی فورسز نے سرعام اٹھایا جو آج تک اپنے گھروں کو واپس نہیں پہنچ سکے، لہٰذا کیا برطانیہ یا بیرونی ممالک کے پرسکون ماحول میں بیٹھ کر سیاست چمکانے والا کوئی بھی کشمیری ان وادی کے باسیوں اور اصل قربانی دینے والوں کی برابری کا دعویٰ کر سکتا ہے؟

وزیر دفاع نے ملکی سلامتی اور پاک فوج کے خلاف جاری منفی پروپیگنڈے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ حقیقی قربانیوں سے وطن کا رشتہ بناتے ہیں اور کچھ صرف گھر بیٹھ کر زبانی دعوے کرتے ہیں، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران ملک و قوم کے دفاع کی خاطر چار ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والی معزز فوج کو مخصوص سیاسی مقاصد کے تحت گالی دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کا اصل رشتہ صرف اور صرف اپنے وطن سے سچی محبت ہوتا ہے اور وہ ان تمام شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانیں دے کر پاکستان کی عزت کی لاج رکھی، جبکہ اس وقت خطے کی صورتحال اتنی سنگین ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری حالیہ جنگ اور کشیدگی میں پاکستان کا نام ہر تھوڑی دیر بعد عالمی میڈیا اور ٹی وی اسکرینوں پر ابھر کر سامنے آتا ہے جو ملک کے لیے انتہائی حساس وقت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے