اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی ہدایت پر چوری، رابری اور ڈکیتی کے مقدمات کی مؤثر تفتیش، تفتیشی خامیوں کی نشاندہی، سزا نہ ہونے کی وجوہات اور ان کے تدارک کے حوالے سے تین روزہ خصوصی تربیتی ورکشاپ کا آغاز کر دیا گیا۔ ورکشاپ کا انعقاد کمیونٹی لائژن ہال اوکاڑہ میں کیا گیا، جس میں ضلع بھر کے تفتیشی افسران نے شرکت کی۔
ورکشاپ کا بنیادی مقصد تفتیشی افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، تفتیش کے معیار کو بہتر بنانا اور عدالتوں میں ملزمان کی زیادہ سے زیادہ سزا یابی کو یقینی بنانا ہے۔ اس تربیتی پروگرام کے ذریعے افسران کو جدید تفتیشی تقاضوں، قانونی امور اور شواہد کے مؤثر استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی جا رہی ہے۔
ورکشاپ کے دوران ڈسٹرکٹ ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر محمد شہزاد نے شرکاء کو چوری، رابری اور ڈکیتی کے مقدمات میں مضبوط شہادتوں کی اہمیت، قانونی تقاضوں، مؤثر تفتیشی طریقہ کار، چالان کی درست تیاری اور عدالتوں میں مقدمات کی کامیاب پیروی کے حوالے سے تفصیلی لیکچر دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مضبوط اور ٹھوس شواہد ہی مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے اور ملزمان کو سزا دلوانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
بعد ازاں ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ نے بھی تفتیشی افسران سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں سامنے آنے والی تفتیشی خامیوں، قانونی پیچیدگیوں، سزا نہ ہونے کی عمومی وجوہات اور ان کے مؤثر حل کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تفتیش، شواہد کا درست حصول، قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری اور پراسیکیوشن کے ساتھ مؤثر رابطہ ملزمان کی سزا یابی کے امکانات کو نمایاں طور پر بڑھا سکتا ہے۔
ورکشاپ کے دوران شرکاء نے مختلف عملی کیس اسٹڈیز کا جائزہ لیا اور بہترین تفتیشی طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔ افسران کو یہ بھی بتایا گیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق تفتیش کو کس طرح مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے تاکہ عدالتوں میں مقدمات مضبوط انداز میں پیش کیے جا سکیں۔
پولیس حکام کے مطابق اس تربیتی پروگرام کا مقصد تفتیشی نظام کو مزید مضبوط بنانا، عوام کے اعتماد میں اضافہ کرنا اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کو یقینی بنانا ہے تاکہ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔