اوچ شریف (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار حبیب خان) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے عباس نگر میں کارروائی کرتے ہوئے معروف برانڈز کے نام پر جعلی کولڈ ڈرنکس بنانے والے یونٹ کا بھنڈا پھوڑ دیا۔ کارروائی ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لائی گئی، جہاں سے بھاری مقدار میں جعلی مشروبات اور سامان برآمد کر کے فیکٹری مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق چھاپے کے دوران فیکٹری سے 1200 لیٹر تیار جعلی مشروبات، 2 ہزار خالی بوتلیں اور جعلسازی میں استعمال ہونے والا دیگر بھاری سامان ضبط کیا گیا ہے۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے موقع سے پانی اور بوتلوں کے نمونے حاصل کر کے تفصیلی تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیے ہیں تاکہ کیمیائی رپورٹ کی روشنی میں مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے ملاوٹ مافیا کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب بھر سے ایسے جعلسازوں کے نیٹ ورکس اور ان کے کاروبار کو جلد جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔