شہید بینظیر آباد: گندم ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، مغوی بچیوں کی بازیابی کیلئے سکرنڈ میں احتجاج جاری
شہید بینظیر آباد (کیو این این ورلڈ/ رپورٹ راجا نورمحمد جتوئی) ضلع شہید بینظیر آباد میں حساس ادارے کی نشاندہی پر انتظامیہ نے گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف اب تک کا سب سے بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے نواب شاہ اور دوڑ کے مختلف نجی گوداموں اور کاٹن فیکٹریوں سے ساڑھے 16 ہزار بوریاں گندم برآمد کر لی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ خوراک کے حکام نے سخی داتار کاٹن فیکٹری سمیت پریم چند، سیٹھ سرور، سیٹھ غفار اور سیٹھ جاوید کے گوداموں پر چھاپے مار کر غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی گندم سرکاری تحویل میں لے لی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
دوسری جانب سکرنڈ میں معصوم پریا کماری اور اجالا سولنگی سمیت دیگر مغوی بچیوں کی عدم بازیابی کے خلاف ایس یو پی کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔ مظاہرے میں ایوب کوسو، پرویز سومرو، نیاز لاشاری اور محمد بچل ڈہیو سمیت سیاسی و سماجی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے معصوم بچیوں کی عدم بازیابی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ مغویوں کو فوری بازیاب کرا کے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔