کندھ کوٹ (کیو این این ورلڈ/وقار احمد اعوان) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کشمور کے زیرِ اہتمام سندھ کے دریائی حقوق کے تحفظ اور متنازع نہری منصوبوں کے خلاف "مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں” احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کشمور کے صدر میر گل محمد خان جکھرانی، سینئر وائس صدر پاکستان پیپلز پارٹی لاڑکانہ ڈویژن میر رحمت اللہ خان ڈومکی، جنرل سیکریٹری ضلع کشمور میر الطاف احمد خان کھوسو اور ضلع کشمور کے انفارمیشن سیکریٹری ایڈووکیٹ رضا مراد چاچڑ نے کی، جبکہ سینئر وائس صدر شفقت حسین میرانی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ریلی سٹی آفس کندھ کوٹ سے شروع ہو کر پریس کلب کندھ کوٹ تک پہنچی، جہاں شرکاء نے دریائے سندھ پر متنازع نہری منصوبوں کے خلاف، سندھ کے آبی حقوق کے تحفظ اور صوبے کے عوام کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔ ریلی میں سینکڑوں کارکنان اور جیالوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کشمور کے صدر میر گل محمد خان جکھرانی نے کہا کہ دریائے سندھ سندھ کی زندگی، معیشت اور تہذیب کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کے آبی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر سندھ کے مفادات کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔
سینئر وائس صدر پاکستان پیپلز پارٹی لاڑکانہ ڈویژن میر رحمت اللہ خان ڈومکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کے پانی اور وسائل پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے آئینی، تاریخی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور "مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں” کا نعرہ سندھ کے عوام کے عزم اور وابستگی کی آواز ہے۔
جنرل سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کشمور میر الطاف احمد خان کھوسو نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی اور کسی بھی ایسے اقدام کی مخالفت کرے گی جو سندھ کے مفادات کے خلاف ہو۔
پیپلز پارٹی ضلع کشمور کے انفارمیشن سیکریٹری ایڈووکیٹ رضا مراد چاچڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ "مرسوں مرسوں سندھو نہ ڈیسوں” صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ سندھ کے عوام کے اپنے دریا، اپنی زمین اور اپنے آئینی حقوق کے تحفظ کے عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سندھ کے عوام کی آواز بنی ہے اور آئندہ بھی ہر محاذ پر ان کے حقوق کا دفاع کرتی رہے گی۔
ریلی میں ڈپٹی جنرل سیکریٹری شہزاد خان کھوسو، محمد قاسم دشتی، ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری دلاور حسین سومرو، فنانس سیکریٹری عبدالرؤف بہلکانی، ریکارڈ سیکریٹری میر افضل کلہوڑو، پرسنل ریلیشن آفیسر مختیار میرانی، آفس سیکریٹری عبدالنبی ملک، تعلقہ صدر پی پی پی کشمور میر اعجاز سولنگی، جنرل سیکریٹری محکم دین جکھرانی، تعلقہ صدر کندھ کوٹ میر صبح صادق کھوسو، جنرل سیکریٹری شمن خان بجکانی، سٹی صدر کشمور موریو خان جکھرانی، جنرل سیکریٹری عبدالرزاق مزاری، جنرل سیکریٹری تنگوانی طارق عزیز سرکی، سٹی صدر کندھ کوٹ شیر محمد سوریانی، جنرل سیکریٹری لطف شاہ، صدر کلچر ونگ شفق اکبر بجکانی، ٹاؤن صدر اکبر جان لولائی، ٹاؤن صدر تنگوانی تھنگائی ندوانی، دادو خان جکھرانی، حیدر علی دہانی، غفران ملک سمیت سینکڑوں کارکنان اور جیالوں نے شرکت کی۔