گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) تھانہ ڈہرکی اور تھانہ میرپور ماتھیلو پولیس کی حدود میں ملزمان کے ساتھ ہونے والے مبینہ مقابلے میں دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ ایک زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ اور چھینی گئی دو موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز تھانہ ڈہرکی کی حدود نارو واہ کی پل کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے شیخ برادری کے ایک شخص سے موٹر سائیکل چھینی تھی، جس کے بعد ان ہی ڈاکوؤں نے درگاہ دین شاہ کے قریب حاجی بلاول کلوڑ نامی شہری سے بھی ایک اور موٹر سائیکل چھین لی اور فرار ہو گئے۔
شہریوں سے موٹر سائیکلیں چھیننے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ڈہرکی صفیع اللہ انصاری بھاری نفری کے ساتھ اور تھانہ میرپور ماتھیلو پولیس فوراً متحرک ہوئی اور ڈاکوؤں کے تعاقب میں روانہ ہو گئی۔ تعاقب کے دوران چھینی ہوئی موٹر سائیکلوں پر سوار ڈاکو پولیس اور تعاقب کرنے والے مقامی لوگوں پر سیدھی فائرنگ کرتے رہے۔
جب پولیس پارٹی ڈاکوؤں کا پیچھا کرتے ہوئے گاؤں گل محمد کھاوڑ کے قریب پہنچی تو وہاں پہلے سے موجود ڈاکوؤں کے دیگر مسلح ساتھی اپنے گرفتار ساتھی ملزمان کو پولیس سے چھڑانے کے لیے آگئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر دو ڈاکو موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ ایک ڈاکو شدید زخمی ہو گیا۔
پولیس نے موقع سے ہلاک ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے سول ہسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کر دیا ہے۔ کارروائی کے دوران ہلاک اور زخمی ڈاکو کے قبضہ سے وارداتوں میں چھینی گئی دونوں موٹر سائیکلیں اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت غلام نبی ولد رشید احمد موسانی اور اصغر عرف ارسلا کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت صابر ولد محمد شہبان موسانی کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی ملزم نے ابتدائی تفتیش میں دونوں وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے اور پولیس ملزمان کے ریکارڈ سے متعلق مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے سنگین وارداتوں کے بعد ڈاکوؤں کے خلاف بروقت، مؤثر اور کامیاب کارروائی کرنے پر پولیس پارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے شاباشی اور تعریفی پیغام جاری کیا ہے۔