اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر): ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے سٹی سرکل کے تھانہ اے ڈویژن اور تھانہ بی ڈویژن میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل اور شکایات براہِ راست سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
کھلی کچہریوں میں شہریوں نے مختلف نوعیت کے مسائل، درخواستیں اور شکایات ڈی پی او کے سامنے پیش کیں۔ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے تمام درخواست گزاروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے قانون کے مطابق فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ عوام کو بروقت، شفاف اور بلاامتیاز انصاف کی فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ہر درخواست کو میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر نمٹایا جائے۔
ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد، رابطے اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے تاکہ شہریوں کو اپنے مسائل کے حل کے لیے بہتر اور آسان رسائی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے بروقت حل سے نہ صرف پولیس پر اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ قانون کی حکمرانی بھی مضبوط ہوگی۔
ڈی پی او نے کھلی کچہری میں موصول ہونے والی تمام درخواستوں کی غیر جانبدارانہ اور شفاف جانچ کا حکم دیتے ہوئے انچارج کمپلینٹ انسپکٹر ریحانہ کوکب کو ہدایت کی کہ ہر درخواست پر باقاعدہ فالو اپ لیا جائے اور مقررہ وقت کے اندر پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے۔
کھلی کچہریوں میں ڈی ایس پی سٹی سرکل، ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن، ایس ایچ او تھانہ بی ڈویژن سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ شہریوں نے اپنے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے فوری اقدامات کی یقین دہانی پر ڈی پی او اوکاڑہ کے اقدام کو سراہا۔