لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) لائف ٹریڈ ٹیسٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) نجیب شینواری اور خیبر سپورٹس کلب کے جنرل سیکرٹری کلیم اللہ شینواری نے انٹرنیشنل کیوکشن کان کراٹے آرگنائزیشن لنڈی کوتل ڈوجو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بیلٹ پروموشن ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں بیلٹس، اعزازی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات تقسیم کیے۔
دورے کے دوران منعقدہ تقریب میں بیلٹ پروموشن ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ مہمانوں نے کامیاب کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، برداشت اور خود اعتمادی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور کھیل سے وابستگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔
تقریب میں انٹرنیشنل کیوکشن کان کراٹے آرگنائزیشن پاکستان کے برانچ چیف حیات نذیر شینواری اور نور اسلم شینواری بھی موجود تھے۔ انہوں نے معزز مہمانوں کا ڈوجو آمد پر پرتپاک استقبال کیا اور نوجوان کراٹے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر برانچ چیف حیات نذیر شینواری نے کہا کہ کراٹے نہ صرف ایک کھیل بلکہ نظم و ضبط، خود اعتمادی اور کردار سازی کا مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے لیے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے۔

تقریب کے اختتام پر نجیب شینواری اور کلیم اللہ شینواری نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں، کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی ہر ممکن سرپرستی و حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
