لنڈی کوتل (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار) انٹرنیشنل کیوکشن کان کراٹے پاکستان اور پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام لنڈی کوتل میں منشیات کے خلاف ایک عظیم الشان آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر، مقامی نوجوانوں، سماجی کارکنوں اور مارشل آرٹس کے نامور کھلاڑیوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یہ آگاہی واک تحصیل گیٹ سے شروع ہوئی اور مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پریس کلب لنڈی کوتل، دلاور بلڈنگ کے سامنے جا کر اختتام پذیر ہوئی۔ واک کے دوران شرکاء نے منشیات کے استعمال کے خلاف شعور اجاگر کرنے اور نئی نسل کو اس لعنت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
واک کے اختتام پر شرکاء سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر انعام اللہ وزیر نے کہا کہ آج لنڈی کوتل کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ منشیات کے خلاف متحد ہیں اور علاقے میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین اور معاشرے کے تمام طبقات کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی نئی نسل کو نشے جیسی خطرناک لعنت سے بچانے کے لیے مؤثر اقدامات بروئے کار لائیں۔
اس موقع پر انٹرنیشنل کیوکشن کان کراٹے پاکستان کے برانچ چیف حیات نذیر شینواری، نور اسلم شینواری اور پاکستان انٹرنیشنل ہیومن رائٹس آرگنائزیشن کے رکن علی رحمان شینواری نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اس واک کے انعقاد کا بنیادی مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا تھا کہ لنڈی کوتل کے نوجوان اور کھلاڑی منشیات کے سخت خلاف ہیں اور ایک صحت مند اور مثبت معاشرے کے قیام کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہاں کے عوام امن پسند، باشعور اور ترقی پسند ہیں جو اپنے علاقے کو منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں، اس لیے والدین اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور انہیں اس لعنت سے دور رکھیں۔