علامہ طاہر اشرفی کا عالمی امن میں پاکستان کے کردار کو خراجِ تحسین

لاہور (کیو این این ورلڈ)چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور معروف مذہبی رہنما علامہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطبۂ جمعہ میں پاکستان کے عالمی امن کے قیام کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے عسکری اور سول قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو پہلے میدانِ جنگ میں عزت، کامیابی اور سربلندی عطا فرمائی اور اب سفارتکاری کے میدان میں بھی دنیا کو امن کی راہ دکھانے کا اعزاز بخشا ہے۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ حالیہ عالمی حالات میں پاکستان نے نہایت متوازن، دانشمندانہ اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک کا وقار عالمی سطح پر مزید بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے اور یہی پالیسی آج عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان بن رہی ہے۔

انہوں نے اس کامیابی کا سہرا فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ قیادت، وزیراعظم پاکستان کی کاوشوں اور قومی اداروں کے درمیان بہترین ہم آہنگی کو قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عسکری اور سول قیادت کے باہمی تعاون نے پاکستان کو نہ صرف قومی سلامتی کے میدان میں مضبوط بنایا بلکہ سفارتی محاذ پر بھی کامیابیاں دلائیں۔

علامہ طاہر اشرفی نے برادر اسلامی اور دوست ممالک کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان تمام ممالک کا قدر دان ہے جنہوں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا اور امن کے قیام کی کوششوں میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے تعاون اور اعتماد سے امن، ترقی اور استحکام کے مشترکہ مقاصد کے حصول میں مدد ملے گی۔

انہوں نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی عالمی امن، بین المذاہب ہم آہنگی، علاقائی استحکام اور انسانیت کی فلاح کے لیے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے اتحاد، یکجہتی اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے