محسن نقوی کا ہنگامی دورۂ ایران، ایرانی قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ تعاون اور اسلام آباد معاہدے پر گفتگو ہوگی
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک مرتبہ پھر اہم دورے پر ایران روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ ایرانی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی اپنے دورۂ ایران کے دوران ایرانی حکام سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کا بنیادی مقصد حالیہ "اسلام آباد ایم او یو” پر ایرانی قیادت کو مبارکباد پیش کرنا اور معاہدے کے آئندہ مراحل سے متعلق خصوصی مشاورت کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال، سرحدی تعاون، سیکیورٹی امور اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات بھی زیر غور آئیں گے۔ دونوں ممالک کی قیادت خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے جاری تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کرے گی۔
سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کا یہ دورہ پاکستان اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے رابطوں اور اعتماد کی فضا کا مظہر ہے، جبکہ اسلام آباد ایم او یو کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔
توقع ہے کہ دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں میں مستقبل کے لائحہ عمل اور مشترکہ منصوبوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آسکتی ہے۔