چار سال سے بے گھر متاثرین کی زراعت، انفراسٹرکچر اور بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں: قوم سپاہ کے مشران

خیبر (کیو این این ورلڈ / نامہ نگار نورحلیم آفریدی)قوم سپاہ کے مشران حاجی جمر گل، حاجی آلہ ماش، حاجی ملک خان اور تراب علی خان نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں گورنر خیبر پختونخوا، کور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف سی سے وادی تیراہ اور ملحقہ علاقوں کے متاثرین کی فوری واپسی اور رجسٹریشن کا زوردار مطالبہ کیا ہے۔

قومی مشران نے کہا کہ سنڈا پال، درے نغری، خاپور اور دروٹہ کے عوام کو امن و امان کی بحالی کے لیے محض 15 دن کی مہلت دے کر نقل مکانی پر مجبور کیا گیا تھا، لیکن چار سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ان کی رجسٹریشن شروع نہیں ہو سکی۔ اسی طرح وادی تیراہ کے ہزاروں خاندانوں کو شدید سرد موسم میں بے دخل کیا گیا، جنہیں 8 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود اپنے علاقوں میں واپس نہیں بھیجا گیا۔ اس وقت یہ متاثرین شدید معاشی بدحالی کے باعث باڑہ اور پشاور میں کرائے کے مکانات میں رہنے پر مجبور ہیں۔

مشران نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وادی تیراہ کے متاثرین کو شدید سردیوں کے موسم سے پہلے ان کے علاقوں میں آباد کیا جائے اور واپسی سے قبل ماہانہ بنیادوں پر مالی و امدادی تعاون فراہم کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر خیبر فوری طور پر سنڈا پال، درے نغری، خاپور اور دروٹہ کے متاثرین کی رجسٹریشن کا آغاز کریں اور انہیں تمام بنیادی حقوق دیے جائیں۔

متاثرہ علاقوں میں پینے کے پانی، سڑکوں، تعلیمی اور صحت کے اداروں کا قیام عمل میں لایا جائے، کیونکہ سڑک نہ ہونے کے باعث عوام گھنٹوں پیدل سفر کرنے پر مجبور ہیں۔

چار سال سے گھروں سے دور رہنے کی وجہ سے لوگوں کے مکانات کھنڈرات بن چکے ہیں اور زرعی زمینیں بنجر ہو چکی ہیں۔ اس لیے واپسی سے قبل سی ایل سی پی (CLCP) سروے کروا کر مالی معاوضہ دیا جائے اور زراعت کی بحالی کے لیے زرعی مشینری، بیج اور کھادیں فراہم کی جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے