ننکانہ صاحب(کیو این این ورلڈ /کرائم رپرٹر سلمان قیوم)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری اشیائے خورونوش بیچنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے 250 کلوگرام ناقص نمک تلف کر کے متعلقہ یونٹ کو سیل کر دیا، جبکہ ملزمان کے خلاف باضابطہ مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائی نمک کے لیے گئے نمونہ جات کے تجزیے میں ناکام ہونے پر کی گئی۔ معائنے کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی کہ پروڈکٹ کے لیبل پر غلط نام اور پتہ درج کر کے صارفین کو مسلسل گمراہ کیا جا رہا تھا۔
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر موجود 250 کلوگرام غیر معیاری اور ناقص نمک کو فوری طور پر تلف کر دیا اور قانون کی ورزی پر یونٹ کو سیل کر کے ملازمین و مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں اور دھوکہ دہی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔