گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ: تعمیراتی کام مارچ 2027 میں مکمل ہوگا

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف محمد رمضان نوشاہی) حکومتِ پنجاب کی جانب سے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ پر کام تیزی سے جاری ہے، جو شہر کے ٹرانسپورٹ نظام میں انقلابی تبدیلی لانے کا ایک اہم ترین منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد شہریوں کو جدید، محفوظ، ماحول دوست اور تیز رفتار پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر آئے گی، جس سے سفری وقت، ٹریفک کے دباؤ اور ایندھن کے استعمال میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔

تقریباً 62 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 31.5 کلومیٹر طویل اس خصوصی کوریڈور پر مشتمل منصوبے میں 25 جدید اسٹیشنز، دو زیرِ زمین اسٹیشنز، دو آپریشنل ڈپو، نو انڈر پاسز، 2.4 کلومیٹر طویل زیرِ زمین ٹنل، 36 الیکٹرک بسیں اور چار ٹائر بیسڈ ٹرامز شامل ہیں۔ منصوبے کے تحت اس وقت پورے کوریڈور پر تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں، جہاں اب تک 12 کلومیٹر سب بیس اور 9 کلومیٹر بیس ورک مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ 25 میں سے 17 اسٹیشنز پر تعمیراتی کام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

منصوبے کا ایک اور اہم مرحلہ مختلف عوامی سہولیات کی منتقلی ہے، جس کے لیے متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون سے تقریباً 40 فیصد یوٹیلیٹی شفٹنگ کا کام مکمل کیا جا چکا ہے۔ اب تک 1235 بجلی کے کھمبے منتقل اور 10.5 کلومیٹر سے زائد برقی لائنیں نصب کی جا چکی ہیں، جبکہ واسا نے 17 ہزار 400 رننگ فٹ سے زائد سیوریج لائنوں اور 170 مین ہولز کی منتقلی کا کام سرانجام دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پی ٹی سی ایل، این ٹی سی اور ایس این جی پی ایل بھی نیٹ ورکس کی منتقلی میں مصروف ہیں، جبکہ ماحولیاتی توازن کے لیے درختوں کو ٹرانسپلانٹ کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے بتایا کہ یوٹیلٹی سروسز کی منتقلی اور ترقیاتی کاموں کی ہفتے میں دو روز جائزہ اجلاسوں کے ذریعے باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے اور یہ عظیم منصوبہ ان شاء اللہ مارچ 2027 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں بشمول گیپکو، واسا، سوئی ناردرن، پی ٹی سی ایل، این ٹی سی، پی ایس سی اے، پی ایچ اے اور این ایچ اے کو دن رات متعدد شفٹوں میں کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔

کمشنر گوجرانوالہ نے تعمیراتی مقامات پر دھول مٹی سے بچاؤ کے لیے مسلسل پانی کے چھڑکاؤ، صفائی اور حفاظتی انتظامات برقرار رکھنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ مزید برآں، عارضی سفری مشکلات کے پیش نظر ٹریفک پولیس کو متبادل راستوں کے پلان، معلوماتی سائن بورڈز اور اضافی اہلکار تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تعمیراتی مدت کے دوران صبر اور تعاون کا مظاہرہ کریں کیونکہ یہ مختصر مدتی مشکلات مستقبل کے خوشحال اور جدید گوجرانوالہ کی بنیاد ہیں۔

اپنے ایک خصوصی پیغام میں کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ منصوبہ محض ایک تعمیراتی سرگرمی نہیں بلکہ شہر کے مستقبل میں ایک انقلابی سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انتظامیہ عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی واقف ہے، اسی لیے تمام اداروں کو چوبیس گھنٹے کام کرنے اور ٹریفک مینجمنٹ کو مؤثر بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ اہلِ گوجرانوالہ کے تعاون سے آنے والی نسلوں کے لیے ایک بہترین اور عالمی معیار کا انفراسٹرکچر تیار کیا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے