اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی زیر صدارت امن کمیٹی کا اجلاس، بھائی چارے کے فروغ پر زور

اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلہ میں ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر محکموں کے افسران، علماء کرام اور امن کمیٹی کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جس میں محرم الحرام کے دوران صبر و تحمل، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے جمعتہ المبارک کے موقع پر منبر و محراب سے باہمی رواداری کو پروان چڑھانے کی تلقین کی، انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لیے امن کمیٹی کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، اس مقدس مہینے میں اتحاد بین المسلمین کی اعلیٰ مثال قائم کی جائے اور تمام مکاتب فکر باہمی اختلافات کو ختم کر کے شر پسندی کا مل کر محاسبہ کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز کو انتہا پسندی کے خلاف مثبت انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ مذہبی حوالے سے کسی کی دل آزاری نہ ہو، اس موقع پر ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے واضح کیا کہ کسی بھی منفی سرگرمی کی اطلاع پولیس اور انتظامیہ کے نوٹس میں فوری طور پر لائی جائے، شر پسند عناصر کے منفی پراپیگنڈے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت ترین قانونی ایکشن لیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے