فیفا ورلڈ کپ 2026: ایم باپے کا تاریخی کارنامہ، پیلے اور میسی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا
(کیو این این ورلڈ) دُنیائے فٹبال کا سب سے بڑا میلہ فیفا ورلڈ کپ 2026 میکسیکو سٹی میں انتہائی شاندار افتتاحی میچ کے ساتھ شروع ہو چکا ہے۔ امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے جا رہے اس تاریخی ٹورنامنٹ میں پہلی بار 48 ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے نبرد آزما ہیں، جن کے درمیان کل 104 میچز کھیلے جائیں گے۔ اب تک گروپ سٹیج کے ابتدائی میچز مکمل ہو چکے ہیں جن میں کئی سنسنی خیز اور حیران کن نتائج سامنے آئے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق 48 ٹیموں کو 12 مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں سے ٹاپ دو ٹیمیں اور بہترین پوزیشن حاصل کرنے والی 8 تیسرے نمبر کی ٹیمیں اگلے مرحلے یعنی راؤنڈ آف 32 کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
اب تک کھیلے گئے 20 سے 25 میچوں کے دوران فٹبال شائقین کو انتہائی سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں۔ افتتاحی میچ میں میزبان میکسیکو نے جنوبی افریقہ کو 0-2 سے شکست دی جبکہ اسی گروپ میں جنوبی کوریا نے چیکیا کو 1-2 سے ہرا کر اہم کامیابی حاصل کی اور اس وقت گروپ اے میں میکسیکو اور جنوبی کوریا تین تین پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ ٹورنامنٹ کی اب تک کی سب سے بڑی اور یکطرفہ جیت جرمنی کے نام رہی جس نے کیوراساؤ کو 1-7 کے بھاری مارجن سے عبرتناک شکست دی، جبکہ گروپ ڈی میں امریکہ نے پیراگوئے کو 1-4 سے چت کیا۔ دیگر اہم میچوں میں کینیڈا اور بوسنیا کا میچ 1-1، اور برازیل اور مراکش کا مقابلہ بھی 1-1 سے برابر رہا، جبکہ اسپین اور کیپ ورڈی کا میچ ڈرا ہونا ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ مانا جا رہا ہے۔
اس ورلڈ کپ کا اب تک کا سب سے بڑا اور تاریخی کارنامہ فرانس کے اسٹار فٹبالر کیلیان ایم باپے نے سرانجام دیا ہے۔ سینیگال کے خلاف کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں فرانس نے 1-3 سے فتح سمیٹی، جس میں ایم باپے نے دو شاندار گول داغ کر فٹبال کی تاریخ کے دو عظیم ترین لیجنڈز لیونل میسی اور پیلے کو ورلڈ کپ گولز کی دوڑ میں پیچھے چھوڑ دیا۔ اپنے تیسرے ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے ایم باپے کے مجموعی ورلڈ کپ گولز کی تعداد اب 14 ہو گئی ہے، جس کے بعد وہ جرمنی کے جیرڈ مولر کے برابر آ کر ورلڈ کپ تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ اس سے قبل ارجنٹائن کے لیونل میسی نے 13 اور برازیل کے پیلے نے 12 ورلڈ کپ گولز اسکور کیے تھے۔
ٹورنامنٹ میں گروپ آئی کے ایک اور میچ میں ناروے نے عراق کو 1-4 سے شکست دے کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔ فیفا ورلڈ کپ کا میلہ اب پورے جوبن پر ہے اور تمام گروپس میں پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ آنے والے دنوں میں ارجنٹینا، برازیل، جرمنی اور فرانس جیسی فیورٹ ٹیموں کے مزید اہم اور کانٹے دار مقابلے متوقع ہیں جس نے دنیا بھر کے فٹبال شائقین کے جوش و خروش کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔