گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری)نیوکوٹ میں دو نوجوانوں کی مبینہ گمشدگی کے خلاف متعدد خواتین نے احتجاج کیا اور قرآن پاک اٹھا کر ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین خواتین کا کہنا تھا کہ چند روز قبل ایک تنازع کے بعد ان کے دو نوجوان لاپتہ ہیں، جن کے بارے میں ان کا مؤقف ہے کہ انہیں مخالف فریق اپنے ساتھ لے گیا ہے۔
خواتین نے بتایا کہ واقعے کے بعد انہوں نے پولیس اور متعلقہ اداروں سے رجوع کیا، تاہم اب تک لاپتہ نوجوانوں کے بارے میں کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور نوجوانوں کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔
احتجاج کے دوران خواتین نے مقامی معززین، سماجی شخصیات اور بزرگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کردار ادا کرتے ہوئے دونوں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لائیں تاکہ تنازع کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ جھگڑوں اور دشمنیوں سے مسائل مزید بڑھتے ہیں، اس لیے بات چیت اور برداشت کے ذریعے مسئلے کا حل نکالا جائے۔
نوٹ: یہ خبر ایک فریق کے مؤقف پر مبنی ہے، جبکہ پولیس اور مخالف فریق کا مؤقف سامنے آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوگی۔