اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہے اور غیر رسمی معیشت کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مالی سال 27-2026 کے بجٹ کے حوالے سے ملک کے معروف صنعتکاروں اور ممتاز کاروباری شخصیات کے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے مشاورت اور ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کا بنیادی مقصد ملک کی مجموعی معاشی ترقی کی رفتار کو تیز کرنا اور کاروباری برادری کو بجٹ سازی کے عمل میں شامل کرنا تھا۔
ملاقات میں میاں محمد منشاء، عارف حبیب، عاطف باجوہ، محمد علی تبہ، مصدق ذوالقرنین، زیاد بشیر، شہزاد سلیم، زیلاف منیر، عمر سعید، عمر منشاء، یوسف سعید، کامران ارشد، خرم مختار، آصف پیر، سلطان گوہر اعجاز، فواد انور، ذوالفقار حیات، جاوید اقبال، یوسف حسین، عامر ابراہیم، خواجہ مسعود اختر اور اعجاز نبی سمیت دیگر ممتاز کاروباری رہنما شامل تھے۔ وفد کو کاروبار، صنعت و تجارت کے فروغ کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پاکستان کا سفیر اور دنیا میں ملک کی پہچان قرار دیا اور مشکل معاشی حالات میں حکومت کا ساتھ دینے پر کاروباری برادری کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت اور نجی شعبے کی مضبوط شراکت داری ہی معاشی ترقی کی ضمانت ہے۔ ہماری معاشی پالیسی کا محور برآمدات پر مبنی ترقی ہے، جس کے لیے کاروباری برادری سے مشاورت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ حکومت ایسی صنعتوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے جن سے ملکی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہو اور ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعت، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی سے معیشت مستحکم ہوگی، جبکہ نوجوانوں کے لیے تکنیکی و فنی تربیت کے پروگرام شروع کیے گئے ہیں تاکہ وہ قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
کاروباری برادری کے وفد نے خطے میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے پر اعتماد کا اظہار کیا۔ کاروباری رہنماؤں نے ڈیجیٹل ادائیگیوں، دستاویزی معیشت کے فروغ، ٹیکس اصلاحات اور کاروباری آسانیوں کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ وفد نے صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں کمی، ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ لیوی کے خاتمے اور ٹیکس ریفنڈ کی بروقت ادائیگیوں پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے اختتام پر کاروباری رہنماؤں نے قومی معیشت کی مضبوطی اور آئندہ بجٹ کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں اور معاشی بحالی کے لیے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔