گوجرانوالہ: جعل سازی کرنے والوں کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی ان ایکشن، جعلی منرل واٹر پلانٹ سیل

گوجرانوالہ (کیو این این ورلڈ/ بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے نوشہرہ ورکاں میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعل سازی کرنے والے عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا۔ کارروائی کے دوران 1300 لٹر سے زائد ناقص پانی تلف کر دیا گیا اور بھاری مقدار میں نامور کمپنیوں کے جعلی لیبلز ضبط کر لیے گئے، جبکہ موقع پر یونٹ کو فوری بند کر کے مالکان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائی ویجیلنس ٹیم کی خفیہ اطلاعات پر عمل میں لائی گئی، جہاں معروف برینڈز کی استعمال شدہ پرانی بوتلوں میں ناقص اور غیر معیاری پانی کی فلنگ کی جا رہی تھی۔ جعل سازی کی انتہا یہ تھی کہ بوتلوں کے ڈھکن پر پہلے سے ہی تیاری اور ایکسپائری کی تاریخیں پرنٹ تھیں تاکہ صارفین کو دھوکہ دیا جا سکے۔ اس کے علاوہ پلانٹ پر کام کرنے والے ورکرز کے میڈیکلز اور ٹریننگ سمیت دیگر لازمی ریکارڈ بھی عدم موجود پایا گیا، جبکہ پروسیسنگ ایریا کے اندر ہی واش روم بھی موجود تھا جو کہ شدید ترین طبی و قانونی خلاف ورزی ہے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے اس موقع پر واضح کیا کہ تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کے مالکان اور ورکرز فوڈ سیفٹی قوانین پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنائیں اور پلانٹس کے فلٹرز بروقت تبدیل کریں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ شہریوں کو صاف اور معیاری خوراک و پانی کی یقینی فراہمی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی دن رات مصروفِ عمل ہے اور عوامی صحت سے کھیلنے والے ایسے تمام جعل ساز عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

مصدقہ خبریں، ذمہ دارانہ صحافت
QNN World

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے