گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/ نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ڈسٹرکٹ گھوٹکی کے صنعتی ادارے فوجی فرٹیلائزرز کمپنی (ایف ایف سی) میرپور ماتھیلو انتظامیہ نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے نہروں میں کیمیکل والا زہریلا پانی چھوڑنے کی خبروں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دے کر ان کی سختی سے تردید کر دی ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کمپنی نے ہمیشہ مقامی آبادی کو ریلیف فراہم کرنے میں احسن کردار ادا کیا ہے جس کی مثال نہیں ملتی، کیونکہ ادارہ انسانیت کی خدمت کے عزم پر کاربند ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف ایف سی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ بعض عناصر اپنے مخصوص مفادات کے حصول کے لیے وقتاً فوقتاً ادارے کے خلاف پروپیگنڈا کرتے رہتے ہیں، اور اسی سلسلے میں اب بھی سوشل میڈیا پر بے بنیاد خبریں گردش کرائی جا رہی ہیں۔ بیان میں صاف کہا گیا ہے کہ ایف ایف سی نہر میں کوئی زہریلا پانی نہیں چھوڑ رہی، بلکہ اس کے متبادل کے طور پر فیکٹری کے اندر بنے مخصوص تالابوں میں پانی ذخیرہ کیا جاتا ہے۔
اس کے علاوہ کمپنی سندھ ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (SEPA) کے قواعد و ضوابط پر بھی مکمل طور پر عمل پیرا ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ زہریلے پانی کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے اور ایف ایف سی انتظامیہ ایسے مخصوص مخالف عناصر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا مکمل حق رکھتی ہے۔