سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوانوں کے حوصلے قابل ستائش ہیں، فیلڈ مارشل

ژوب(کیو این این ورلڈ) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر بلوچستان کے ضلع ژوب میں مغربی سرحدوں پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور وہاں تعینات پاک فوج کے بہادر جوانوں کے ساتھ عید کا دن گزارا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے سرحدوں پر موجود جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کی، جس کے بعد ملک کی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں گئیں اور وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو بھی یاد کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارک باد دی اور غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف ان کے غیر معمولی حوصلے، مضبوط عزم، آپریشنل تیاری اور مسلسل چوکسی کو مخلصانہ طور پر سراہا۔ انہوں نے دشمن عناصر کی سازشوں کو ناکام بنانے پر فوج کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کوئٹہ میں ہونے والے حالیہ بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ بزدلانہ کارروائی بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندستان اور اس کے نیٹ ورکس کی جانب سے کی گئی ہے۔

انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وحشیانہ اور غیر انسانی اقدامات سے پاک فوج اور پاکستانی قوم کے حوصلے کبھی کمزور نہیں کیے جا سکتے اور دہشت گردی کے تمام سہولت کاروں کے خلاف پوری قوت کے ساتھ آپریشنز جاری رکھے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے