اوکاڑہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) کمشنر احمد عثمان جاوید اور ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے محبوب عالم چوک کا خصوصی دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں میں ویسٹ بیگز تقسیم کیے۔ اس موقع پر عیدالاضحیٰ کے مبارک موقع پر شہر کو صاف ستھرا اور تعفن سے پاک رکھنے کے لیے ایک خصوصی مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے عیدالاضحیٰ صفائی مہم کا شاندار افتتاح کر دیا گیا۔ اس اہم تقریب کے موقع پر ایم ڈی ستھرا پنجاب چوہدری عبدالجبار گجر اور اسسٹنٹ کمشنر مرزا راحیل بیگ سمیت دیگر ضلعی و بلدیاتی افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
ذرائع کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ اس بار وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کے غیر معمولی اور انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام متعلقہ افسران عید کے دنوں میں فیلڈ میں خود متحرک نظر آئیں گے تاکہ کہیں بھی غفلت نہ ہو۔ انہوں نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ صفائی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور فضلہ گلیوں، سڑکوں یا نہروں میں پھینکنے سے مکمل گریز کریں۔ انہوں نے تاکید کی کہ آلائشیں صرف فراہم کردہ ویسٹ بیگز میں ڈال کر گھر کے باہر رکھیں، جنہیں ستھرا پنجاب کا عملہ فوری طور پر اٹھا کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دے گا، جبکہ شہری کہیں بھی کچرا دیکھنے کی صورت میں فوری طور پر آفیشل ہیلپ لائن پر اطلاع دیں۔
ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب ویژن کے مطابق عیدالاضحیٰ پر شہر بھر میں صفائی کے مثالی اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا اور ویسٹ بیگز کی تقسیم اسی کڑی کا حصہ ہے۔ انہوں نے ا نکشاف کیا کہ آلائشوں کی بروقت ٹرانسپورٹیشن اور ٹھکانے لگانے میں آسانی کے لیے اکیلی تحصیل اوکاڑہ میں 11 مختلف ڈمپنگ سائٹس قائم کی جائیں گی تاکہ تعفن اور بیماریاں نہ پھیلیں۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری کا ثبوت دیں اور قربانی کا فضلہ صرف ویسٹ بیگز میں ہی ڈالیں تاکہ شہر کی خوبصورتی اور شہریوں کی صحت برقرار رہے۔