روس کا امن حل پر زور، پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا

اسلام آباد(کیو این این ورلڈ) روس نے ایران امریکا تنازع کے دوران پاکستان کے ثالثی کردار کی ایک بار پھر حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خورئیوف نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ روس ایران امریکا تنازع کے پرامن حل کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور ایسے اقدامات کو سراہتا ہے جو واشنگٹن اور تہران دونوں کے تحفظات کو دور کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ روس چاہتا ہے کہ خطے میں کشیدگی کم ہو اور تمام فریقین مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کریں۔

روسی سفیر نے پاکستانی میڈیا میں روس کی جانب سے مبینہ بھرتیوں سے متعلق خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان رپورٹس کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔ ان کے مطابق مذکورہ شخص نے روسی سفارت خانے میں ویزا درخواست بھی جمع نہیں کرائی تھی، جبکہ اس معاملے پر متعلقہ پاکستانی ادارے تحقیقات کر رہے ہیں اور جلد نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی میڈیا میں بعض اوقات یوکرین جنگ کے حوالے سے یکطرفہ رپورٹس سامنے آتی ہیں، جن میں روس کے نقصانات پر کم بات کی جاتی ہے۔

روسی سفیر نے کہا کہ یوکرین جنگ کے حوالے سے روس اپنے اہداف کے حصول کیلئے پُرعزم ہے اور ہر طرح کے حالات کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خطے میں سفارتی کوششیں آگے بڑھیں گی اور تنازعات کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے