تینوں تحصیلوں میں مویشی منڈیاں فعال، شہریوں اور بیوپاریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) حکومتِ پنجاب کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیرِ نگرانی ضلع اوکاڑہ کی تینوں تحصیلوں میں عید الاضحیٰ کے سلسلے میں جدید سہولیات سے آراستہ مویشی منڈیاں قائم کر دی گئی ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے افسران نے مختلف مویشی منڈیوں کے ہنگامی دورے کیے اور وہاں پر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز نے دوروں کے دوران سکیورٹی، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، روشنی کے انتظامات، پارکنگ اور جانوروں کے لیے چارے و طبی امداد کے کاؤنٹرز سمیت تمام سہولیات کا معائنہ کیا۔

افسران نے منڈیوں میں موجود بیوپاریوں اور خریداروں سے ملاقات کی اور ان سے انتظامات کے حوالے سے فیڈبیک بھی حاصل کیا۔ اس موقع پر عملے کو ہدایت کی گئی کہ سائے کے لیے شامیانوں، رات کے اوقات میں بہتر لائٹنگ اور پارکنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں مویشی منڈیوں کے قیام کا مقصد شہریوں اور دور دراز سے آنے والے بیوپاریوں کو ایک ہی جگہ پر تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ منڈیوں میں کسی بھی قسم کی ناجائز وصولی یا اوورچارجنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں اور خریداروں کے لیے تمام ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو خریداری کے دوران کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے