جروار میں زونگ نیٹ ورک کی خرابی، کاروبار اور تعلیم مفلوج

گھوٹکی (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو کے نواحی علاقے جروار شہر اور گردونواح میں زونگ (ZONG) کی انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر درہم برہم ہو گئی ہے، جس کے باعث ہزاروں صارفین شدید مشکلات اور ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ گزشتہ کئی روز سے جاری اس صورتحال نے نہ صرف رابطوں کو متاثر کیا ہے بلکہ شہریوں کے قیمتی ڈیٹا پیکیجز بھی ضائع ہو رہے ہیں۔

انٹرنیٹ کی بندش اور انتہائی سست رفتاری نے علاقے میں کاروباری زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ آن لائن تجارت، ڈیجیٹل لین دین اور روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے تاجروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ فری لانسرز اور سوشل میڈیا سے وابستہ نوجوانوں کا روزگار بھی اس تکنیکی خرابی کی وجہ سے داؤ پر لگ گیا ہے، جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔

طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں بھی سروس کی عدم دستیابی کے باعث بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، جس سے ان کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے۔ علاقہ مکینوں نے زونگ انتظامیہ کی اس سنگین غفلت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے صارفین کے ساتھ ناانصافی قرار دیا ہے۔ مہنگے پیکیجز کے باوجود سروس نہ ملنے پر شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

شہریوں اور سماجی تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ کمپنی انتظامیہ اور متعلقہ حکام فوری طور پر اس بحران کا نوٹس لیں اور جروار شہر میں انٹرنیٹ سروس ہنگامی بنیادوں پر بحال کی جائے۔ عوام نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال بہتر نہ ہوئی تو احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ کمپنی اور حکام پر عائد ہو گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے