آپریشن بنیان المرصوص اور پاک فوج کی کامیابیاں
تحریر حسنین راجہ
مرصوص۔۔ عزم کی وہ دیوار جو کبھی نہیں ٹوٹتی
قوموں کی زندگی میں کچھ لمحے ایسے آتے ہیں جو صرف تاریخ کا حصہ نہیں بنتے بلکہ اجتماعی شعور میں ہمیشہ کے لیے نقش ہو جاتے ہیں۔ “آپریشن بنیان مرصوص” بھی پاکستان کی تاریخ کا ایسا ہی ایک باب ہے جس نے یہ ثابت کیا کہ جب وطن کی سلامتی کو چیلنج درپیش ہو تو پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاتی ہے۔ آج اس عظیم آپریشن کو ایک سال مکمل ہو چکا ہے، مگر اس کی بازگشت اب بھی قوم کے دلوں میں سنائی دیتی ہے۔
“بنیان مرصوص” صرف ایک عسکری کارروائی کا نام نہیں تھا بلکہ یہ پاکستان کے عزم، اتحاد اور قربانی کی علامت بن کر ابھرا۔ اس آپریشن میں پاک افواج نے جس پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا، وہ دنیا بھر میں قابلِ تحسین قرار پایا۔ پاک فوج کے جوانوں نے سرحدوں پر اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا، جبکہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضاؤں میں ایسی برتری قائم کی کہ دشمن کی آنکھوں سے غرور کا نشہ اتر گیا۔ سمندروں کے محافظ، پاک بحریہ، بھی خاموش مگر مضبوط حصار بن کر وطن کے دفاع میں سینہ سپر رہے۔
یہ آپریشن دراصل اُس قومی یکجہتی کی تصویر تھا جس میں سپاہی مورچوں میں تھے اور قوم اُن کے پیچھے دعا بن کر کھڑی تھی۔ ماؤں نے اپنے بیٹوں کو وطن پر قربان ہونے کے لیے رخصت کیا، بچوں نے شہداء کی تصویریں سینے سے لگائیں اور ہر پاکستانی کے لبوں پر صرف ایک ہی دعا تھی: “پاکستان سلامت رہے۔” یہی وہ جذبہ ہے جو کسی بھی قوم کو ناقابلِ تسخیر بناتا ہے۔
ایک سال گزرنے کے باوجود “آپریشن بنیانِ مرصوص” کی یاد تازہ ہے کیونکہ یہ صرف جنگی کامیابی نہیں بلکہ قومی وقار کی بحالی کا استعارہ بھی تھا۔ اس نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، مگر اپنی خودمختاری اور دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ہماری افواج نے ثابت کیا کہ وطن کی حفاظت صرف ایک ذمہ داری نہیں بلکہ ایک مقدس امانت ہے۔
آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو صرف تقریروں تک محدود نہ رکھیں بلکہ قومی اتحاد، نظم و ضبط اور ذمہ داری کے ذریعے اُن کے مشن کو زندہ رکھیں۔ کیونکہ مضبوط قومیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ اپنے کردار، اتحاد اور وفاداری سے ناقابلِ شکست بنتی ہیں۔
“بنیان مرصوص” دراصل اُس پاکستان کی علامت ہے جہاں فوج، عوام اور وطن ایک ہی دھڑکن میں جیتے ہیں۔