گوجرانوالہ ( کیو این این ورلڈ/بیورو چیف محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ میں ماں اور بیٹی کے اندھے قتل کا معمہ حل ہو گیا ہے، جہاں سفاک شوہر ہی اپنی بیوی اور لخت جگر کا قاتل نکلا۔ پولیس نے جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے محض 12 گھنٹوں کے اندر مرکزی ملزم اور اجرتی قاتل کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مقتولہ ندا اور اس کی معصوم بیٹی درعدن کو گھر کے اندر تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر مصطفیٰ اور اس کی بیوی کے درمیان اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا، جس کا بدلہ لینے کے لیے ملزم نے اپنی ہی فیملی کو ختم کرنے کا گھناؤنا منصوبہ تیار کیا۔
پولیس تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم مصطفیٰ نے اپنی بیوی اور بیٹی کو راستے سے ہٹانے کے لیے یاسر نامی اجرتی قاتل سے ڈیڑھ لاکھ روپے میں سودا طے کیا تھا۔ منصوبے کے تحت ملزم یاسر گھر کی چھت پر لگا ہوا لوہے کا جنگلا کاٹ کر اندر داخل ہوا اور سوئی ہوئی ماں بیٹی کو بے دردی سے ذبح کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور شک کی بنیاد پر شوہر کو شامل تفتیش کیا، جس نے دورانِ حراست اپنے جرم کا اعتراف کر لیا۔ پولیس نے آلہ قتل برآمد کر کے دونوں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔