اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلام آباد میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے 24 گھنٹوں کے دوران دوسری ملاقات کی ہے، جسے خطے کی صورتحال کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عباس عراقچی آج مسقط سے اسلام آباد پہنچے۔ اس سے قبل وہ جمعے کی رات بھی اسلام آباد آئے تھے جہاں انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقاتیں کیں۔
گزشتہ روز ہونے والی ملاقاتوں کے بعد ایرانی وزیر خارجہ واپس مسقط روانہ ہوگئے تھے، تاہم وہ دوبارہ مختصر دورے پر اسلام آباد پہنچے اور اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے اس مختصر قیام کے دوران پاکستانی سیاسی اور عسکری قیادت سے اہم مشاورت کی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مختصر دورے کے بعد عباس عراقچی اسلام آباد سے روانہ ہوگئے ہیں اور ان کی اگلی منزل ماسکو ہے۔
دوسری جانب ماسکو میں ایرانی سفیر کے مطابق عباس عراقچی پیر کے روز روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں خطے کی صورتحال، جنگ بندی کے امکانات اور جاری مذاکراتی عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایرانی سفیر کے مطابق عباس عراقچی روسی قیادت کو جنگ کے خاتمے کے حوالے سے جاری سفارتی کوششوں اور مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔