سیالکوٹ: وولٹیج میں خطرناک اضافہ، گھریلو آلات کو نقصان

سیالکوٹ (کیو این این ورلڈ/بیوروچیف مدثر رتو) شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی بیشی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ اچانک وولٹیج بڑھنے سے گھروں میں قیمتی برقی آلات جلنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

محلہ امام صاحب میں صورتحال اس وقت سنگین ہوگئی جب شہریوں کے مطابق معمول کے 220 سے 240 وولٹ کے بجائے اچانک تقریباً 450 وولٹ بجلی سپلائی کی گئی، جس کے باعث متعدد گھروں میں پنکھے، فریج، ٹی وی اور دیگر الیکٹرانکس آلات مکمل طور پر ناکارہ ہوگئے۔

اسی طرح شہر کے دیگر علاقوں مبارک پورہ، میانہ پورہ، مراد پور، خادم علی روڈ، ضلع کچہری، واٹر ورکس، پریم نگر، محمد پورہ، روہیل گڑھا، فتح گڑھ، حاجی پورہ اور نیکاپورہ سمیت مختلف علاقوں سے بھی بجلی کی اچانک بندش اور وولٹیج میں شدید اتار چڑھاؤ کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔

متاثرہ شہریوں نے بتایا کہ اس صورتحال کے باعث انہیں لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، جبکہ متعلقہ حکام کو متعدد بار شکایات درج کرائی گئیں لیکن کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی۔

علاقہ مکینوں نے ایکسین گیپکو سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر مستحکم سپلائی اور خطرناک وولٹیج کے مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے