رینالہ خورد (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار)رینالہ خورد میں ڈکیتی کے بعد فرار ہونے والے مسلح ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے جبکہ 2 فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ سٹی رینالہ خورد کی حدود چکنمبر 23 ون آر بی پل نہر لوئر باری دوآب کے قریب چار نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر ایک شہری سے ایک لاکھ تین ہزار روپے نقدی اور اے ٹی ایم کارڈ چھین لیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا۔ چکنمبر 21 ون آر بی کے قریب ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔
فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے، جنہیں پولیس نے موقع پر گرفتار کر لیا۔ پولیس نے زخمی ملزمان کے قبضے سے چھینی گئی نقدی، اے ٹی ایم کارڈ اور 30 بور پسٹل برآمد کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے جبکہ گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔