کبڈی مقابلوں میں شرکت، نثار الحق کا رینالہ خورد میں اسپورٹس انفراسٹرکچر کا معائنہ

اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر)اوکاڑہ میں انٹر تحصیل سطح پر منعقدہ کبڈی مقابلوں میں ڈویژنل سپورٹس آفیسر ساہیوال نثار الحق نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جہاں انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور بہترین کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد اشفاق سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نثار الحق نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت کھیلوں کا فروغ اولین ترجیح ہے، کیونکہ نوجوانوں کو کھیل کے میدانوں میں لانا ہی ایک صحت مند اور مثبت معاشرے کی تشکیل کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبڈی پاکستان کا روایتی اور ثقافتی کھیل ہے، اور انٹر تحصیل سطح پر ایسے مقابلوں کے انعقاد سے نچلی سطح پر چھپا ٹیلنٹ سامنے آتا ہے۔

بعد ازاں ڈویژنل سپورٹس آفیسر نے تحصیل رینالہ خورد میں جاری اسپورٹس انفراسٹرکچر منصوبوں کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے جعفر کرکٹ اسٹیڈیم اور 33/1 اے ایل میں جاری ترقیاتی سکیموں کے کام کا جائزہ لیا۔

نثار الحق نے جاری منصوبوں کے معیار اور رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو جلد از جلد جدید سہولیات میسر آ سکیں اور کھیلوں کے فروغ میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے