پنجاب کابینہ نے ڈومیسائل فیس میں نمایاں اضافہ کرتے ہوئے اسے 200 روپے سے بڑھا کر 550 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ نئی فیس میں 200 روپے ڈومیسائل فیس، 300 روپے ای افیڈیویٹ اور 50 روپے سروس چارج شامل ہوں گے۔ یہ فیس صرف ای پے پنجاب کے ذریعے وصول کی جائے گی تاکہ نظام کو شفاف اور جدید بنایا جا سکے۔
اس فیصلے کے ساتھ پنجاب کے شہریوں کو ڈومیسائل کے لیے اب دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ شہری آن لائن درخواست دے سکیں گے اور ڈومیسائل گھر بیٹھے موصول ہوگا۔ پنجاب حکومت نے ڈومیسائل سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور پیپر لیس بنانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت پی آئی ٹی بی کو فی ڈومیسائل 50 روپے سروس چارج کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
یہ اقدام نہ صرف شہریوں کو سہولت فراہم کرے گا بلکہ سرکاری نظام میں شفافیت اور تیز رفتاری بھی لائے گا۔ پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹلائزیشن سے عوامی وقت اور اخراجات دونوں میں بچت ہوگی اور جعلسازی کے امکانات بھی کم ہوں گے۔