میہڑ میں رکشہ و موٹر سائیکل تنازع، سولنگی اور بلھڑا برادری کا جھگڑا، 9 افراد زخمی

میہڑ (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظور علی جوئیہ)میہڑ میں گھاڑی روڈ پر رکشہ اور موٹر سائیکل کے کراس کرنے کے تنازع نے سنگین صورت اختیار کر لی۔ سولنگی اور بلھڑا برادری کے درمیان جھگڑا ہوا جس میں لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کے وار سے 9 افراد شدید زخمی ہو گئے۔

مقامی افراد نے زخمیوں کو تشویشناک حالت میں تعلقہ اسپتال میہڑ منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ریفر کر دیا گیا۔ زخمیوں میں بلھڑا برادری کے آباد علی، باسط علی، شاہد علی، روشن علی اور امام بخش شامل ہیں، جبکہ سولنگی برادری کے گدا حسین، وسیم، ضمیر اور منور زخمی ہوئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق جھگڑا معمولی تنازع سے شروع ہوا لیکن دونوں جانب سے شدت اختیار کر گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور اہل علاقہ بڑی تعداد میں اسپتال پہنچ گئے۔

پولیس نے دونوں برادریوں کے افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم آخری اطلاعات تک بی سیکشن تھانے میں کوئی مقدمہ درج نہیں ہو سکا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مدعی کے تعین کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ واقعہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال پر سوالیہ نشان ہے اور مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے تنازعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے