میہڑ میں افسوسناک واقعہ، رشتہ تنازع پر نوجوان نے لڑکی کو قتل کر کے خود کی بھی جان لے لی

میہڑ: (کیو این این ورلڈ/نامہ نگار منظورعلی جوئیہ) میہڑ کے قریب فریدآباد تھانے کی حدود گاؤں فیض محمد کولاچی میں رشتہ نہ دینے کے تنازع پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں ایک نوجوان لڑکی جاں بحق جبکہ اس کی والدہ شدید زخمی ہو گئی، ملزم نے واردات کے بعد خود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزم شہمیر کولاچی نے مبینہ طور پر رات کے وقت گھر میں داخل ہو کر سوئی ہوئی نوجوان لڑکی ریما کولاچی پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جبکہ فائرنگ سے اس کی والدہ مسمات سیما کولاچی شدید زخمی ہو گئیں۔ واقعے کے بعد ملزم نے خود پر بھی پستول سے فائر کر کے خودکشی کر لی۔

زخمی خاتون کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تحصیل ہسپتال میہڑ سے لاڑکانہ منتقل کر دیا گیا، جبکہ مقتولہ لڑکی اور ملزم کی لاشیں تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کی گئیں۔

مقتولہ کے والد خدابخش کولاچی کے مطابق ملزم نے ان کی بیٹی کا رشتہ مانگا تھا، تاہم لڑکی کا رشتہ پہلے ہی خاندان میں طے ہو چکا تھا اور چند دنوں میں شادی متوقع تھی۔ اسی رنجش پر ملزم نے طیش میں آ کر گھر پر حملہ کیا، فائرنگ سے بیٹی کو قتل اور بیوی کو زخمی کرنے کے بعد خود بھی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

فریدآباد پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے گئے اور لاشوں و زخمی کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ رشتہ نہ ملنے کے تنازع کا شاخسانہ ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے