اوکاڑہ (کیو این این ورلڈ/بیورو چیف ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے گندم خریداری مرکز شیر گڑھ کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے باردانہ کی تقسیم کے لیے جاری رجسٹریشن کے عمل کی چیکنگ کی جبکہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر محمد محسن گجر نے خریداری مرکز کے انتظامات پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گندم خریداری کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔
انہوں نے خریداری مرکز پر کسانوں کے لیے سایہ، بیٹھنے کے انتظام اور دیگر بنیادی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ باردانہ کی تقسیم میں "پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ گندم خریداری کے عمل میں کسانوں کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں اور سرکاری نرخ پر ادائیگی میں کسی تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خریداری مراکز پر کسانوں کو سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دورے کے دوران موجود کسانوں نے خریداری مرکز پر فراہم کردہ سہولیات پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا۔