ایل او سی پر پاک فوج کا مؤثر ردعمل، بھارتی پوسٹیں تباہ، دشمن پسپائی پر مجبور

اسلام آباد (کیو این این ورلڈ) معرکۂ حق کے دوران لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کی بلااشتعال فائرنگ کا بھرپور اور مؤثر جواب دیتے ہوئے بھارتی فوج کی متعدد اگلی چوکیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا اور کئی مقامات پر پسپائی اختیار کرنا پڑی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور بلااشتعال گولہ باری کے بعد پاک فوج نے دفاعی حکمت عملی کے تحت فوری ردعمل دیا۔ کارروائی کے دوران جدید آرٹلری، اسمارٹ ہتھیاروں اور نگرانی کے جدید نظام، بشمول ڈرونز، کا مؤثر استعمال کیا گیا، جس کے ذریعے دشمن کی فائرنگ پوزیشنز کو درست نشانہ بنایا گیا۔

فوجی حکام کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران خاص طور پر اُن مقامات کو ٹارگٹ کیا گیا جہاں سے پاکستان کی شہری آبادی پر حملے کیے جا رہے تھے، جبکہ ہر ممکن کوشش کی گئی کہ غیر متعلقہ اہداف اور شہری علاقوں کو نقصان نہ پہنچے۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں درجن کے قریب بھارتی پوسٹیں تباہ یا شدید متاثر ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق شدید گولہ باری اور پاک فوج کی درست نشانہ بازی کے باعث ایک اہم بھارتی چیک پوسٹ پر سفید پرچم لہرا دیا گیا، جو جنگی صورتحال میں ہتھیار ڈالنے یا مزاحمت ختم کرنے کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اس کے بعد مذکورہ چوکی پر موجود بھارتی اہلکاروں نے اپنی پوزیشنز چھوڑ کر پسپائی اختیار کرلی۔

مزید اطلاعات کے مطابق معرکۂ حق کے دوران دشمن کو مختلف سیکٹرز میں مسلسل دباؤ کا سامنا رہا، جس کے باعث کئی اگلی چوکیوں کو خالی کرنا پڑا۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا فوری اور بھرپور جواب دینے کے لیے مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں۔

دوسری جانب اعلیٰ عسکری قیادت کی جانب سے سیکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے اور افواج کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان کی بروقت اور مؤثر حکمت عملی نے نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا بلکہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

پاکستانی مسلح افواج نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملکی سالمیت، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جاتا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے