ڈی جی خان: سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار کھوسہ لاہور میں انتقال کر گئے

ڈی جی خان (کیو این این ورلڈ) سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار کھوسہ انتقال کر گئے۔ وہ 90 برس کے تھے اور کچھ عرصے سے لاہور کے ایک نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

اہل خانہ کے مطابق سردار ذوالفقار کھوسہ کافی عرصے سے علیل تھے اور آج لاہور میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر سن کر سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کی لہر دوڑ گئی۔

سردار ذوالفقار کھوسہ کا شمار پاکستان کے سینئر اور منجھے ہوئے سیاستدانوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے 1962ء میں پہلی بار مغربی پاکستان اسمبلی کے رکن کے طور پر اپنی سیاسی زندگی کا آغاز کیا اور بعد ازاں متعدد بار پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

وہ اپنی طویل سیاسی زندگی میں صوبائی وزیر، مشیر، سینیٹر اور گورنر پنجاب سمیت اہم عہدوں پر فائز رہے۔ انہیں 17 اگست 1999ء سے 12 اکتوبر 1999ء تک گورنر پنجاب رہنے کا اعزاز بھی حاصل رہا۔

سردار ذوالفقار کھوسہ کا سیاسی سفر زیادہ تر مسلم لیگ (ن) کے ساتھ وابستہ رہا، جہاں وہ نواز شریف کے دورِ جلاوطنی میں پنجاب کے صدر بھی رہے۔ تاہم 2018ء کے عام انتخابات سے قبل وہ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے تھے۔

وہ ڈیرہ غازی خان کے علاقے بہادر گڑھ میں پیدا ہوئے اور کھوسہ قبیلے کے سرکردہ رہنما سمجھے جاتے تھے۔ ان کے تین بیٹے حسام الدین کھوسہ، سیف الدین کھوسہ اور دوست محمد کھوسہ ہیں۔

ان کی وفات سے ملکی سیاست ایک تجربہ کار اور سینئر رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے