ننکانہ صاحب/میہڑ (کیو این این ورلڈ/احسان اللہ ایاز، منظور علی جوئیہ) ننکانہ صاحب میں موٹروے ایم 3 پر ریسٹ ایریا کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں ڈرائیور کو اونگھ آنے کے باعث مسافر بس بے قابو ہو کر الٹ گئی، حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 26 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کو اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں 10 ایمرجنسی گاڑیوں کے ساتھ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس علی پور سے لاہور جا رہی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کی کہ زخمیوں کو ہر ممکن بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
دوسری جانب سندھ کے شہر میہڑ میں بھی دو مختلف ٹریفک حادثات پیش آئے۔ اندس ہائی وے پر ڈگری کالج کے قریب تیز رفتار کوچ نے گاؤں حاصل کھوسو کے رہائشی 10 سالہ بچے علی خان کو کچل کر جاں بحق کر دیا۔ اطلاع ملنے پر بی سیکشن پولیس موقع پر پہنچ گئی، کوچ کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کر دیا گیا۔ آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا تھا۔
اسی طرح گاجی کھاوڑ لنک روڈ پر تنیہ موڑ کے قریب موٹر سائیکل اور رکشہ کے درمیان تصادم کے نتیجے میں گاؤں لونگ تنیہ کا رہائشی مختیار تنیو شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت کے باعث اسے لاڑکانہ ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ اس واقعے کا بھی آخری اطلاعات تک مقدمہ درج نہیں ہو سکا۔